عن الكتاب
رمضان المبارک کے اس بابرکت مہینے میں جہاں ہم کثرت سے تلاوتِ قرآن کا اہتمام کرتے ہیں، وہیں یہ بھی نہایت ضروری ہے کہ تلاوت کے ساتھ اس کے معانی و مطالب کو سمجھنے کی کوشش کی جائے۔ مزید یہ کہ قرآنِ مجید پر قدیم و جدید زمانوں میں جو اشکالات اور اعتراضات وارد کیے گئے ہیں، اُن سے آگاہی حاصل کی جائے اور اُن کے مدلل و محققانہ جوابات سے بھی واقفیت پیدا کی جائے۔ اسی ضرورت کے پیشِ نظر، احباب کے پُرزور اصرار پر کتاب "حقانیتِ قرآن جلد اوّل" کی پی ڈی ایف فائل پیشِ خدمت ہیں۔ ہماری خواہش تھی کہ کتاب طبع ہو جانے کے بعد ہی اس کی پی ڈی ایف جاری کی جائے، لیکن افادہ عامہ اور دینی نفع کے پیشِ نظر دوستوں کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے اسے قبل از اشاعت ہی شائع کیا جا رہا ہے۔ آپ سے گزارش ہے کہ اپنے روزمرہ معمولات میں اس کتاب کے مطالعہ کو شامل فرمائیں۔ ان شاء اللہ اس کے ذریعے قرآنِ مجید سے متعلق بہت سے شبہات دور ہوں گے اور متعدد علمی و فکری سوالات کے تشفی بخش جوابات ملیں گے۔ خصوصاً اہلِ علم، طلبۂ دینیات، اور ردِّ الحاد و ردِّ عیسائیت کے میدان میں کام کرنے والے حضرات کے لیے اس کتاب کا مطالعہ بے حد مفید اور ضروری ہے۔ اس تصنیف میں قرآنِ مجید پر کیے گئے عقلی، فلسفی، تاریخی اور سائنسی نوعیت کے قدیم و جدید اعتراضات کا علمی و تحقیقی جائزہ پیش کیا گیا ہے، اور ہر اعتراض کا مدلل و محققانہ جواب فراہم کیا گیا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ اس کتاب کے مطالعہ کے بعد آپ کے دل میں قرآنِ کریم کی حقانیت پہلے سے زیادہ واضح، روشن اور مستحکم ہو جائے گی۔ اللہ تعالیٰ اس کا مطالعہ ہم سب کے لیے نافع بنائے اور ہمیں قرآنِ کریم کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔ اپنی نیک دعاؤں میں راقم الحروف کو ضرور یاد کیجئے ۔ نوٹ : دوسری جلد مکمل ہوچکی ہے ، ان شاءاللہ عنقریب منظر عام پر آئے گی۔ محمد عدنان جاوید حنفی